گلوان تشدد کے بعد چین نے ممبئی کے بجلی فراہمی نظام پر کیا تھا سائبر حملہ

bijli

نیویارک ٹائم کی رپورٹ میں چینی کرتوت کا انکشاف

نیویارک،یکم مارچ (آئی این ایس انڈیا)وادیئ گلوان میں ہندوستانی فوج کے ساتھ جھڑپ کے بعد چینی ہیکرز نے گذشتہ سال 12 اکتوبر کو ممبئی میں بجلی فراہمی کے نظام پر سائبر حملہ کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد شہر میں لگ بھگ 10-12 گھنٹوں کے لئے بجلی فراہمی معطل کردی گئی تھی۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے ایک رپورٹ میں ان حملوں کا انکشاف کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ حملہ چین کے ریڈ ایچو گروپ نے کیا تھا۔صبح دس بجے کے لگ بھگ بجلی فراہمی رک گئی تھی، ریلوے سروس دو گھنٹے کے بعد شروع ہوگئی تھی، تاہم اس دقت پر مکمل طور پر قابو پانے میں 10-12 گھنٹے لگ گئے تھے۔ اِسے دہائی کی بدترین بجلی ناکامی قرار دیا گیا تھا۔ ادھر مہاراشٹر کے وزیر توانائی نتن راوت نے بھی اس رپورٹ کی تصدیق کی ہے۔ راوت نے کہا کہ ہم نے واقعے کی تحقیقات کے لئے تین ممبروں کی کمیٹی تشکیل دی تھی، اس کی رپورٹ آج شام تک موصول ہوگی۔خیال رہے کہ چین سائبر حملے کے ذریعہ بھارت کو خاموش رہنے کا پیغام دینا چاہتا تھا۔ اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جب ہندوستانی اور چینی فوج سرحد کے ساتھ آمنے سامنے تھے، اس دوران مال ویئر کو کنٹرول سسٹم میں انجیکٹ کیا جارہا تھا جو پورے ہندوستان میں بجلی فراہمی کی نگرانی کرتا ہے۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹرا سائبر سیل کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بجلی کی معطلی کے پیچھے مال ویئر اٹیک ہوسکتا ہے۔خیال رہے کہ سائبر سکیورٹی کمپنی کا کہنا ہے کہ ان تمام خدشات کے باوجود، موجودہ ہیکر گروپ کے متعلق اتنے ثبوت موجود نہیں ہیں کہ یہ بتایا جاسکے کہ ممبئی بجلی کی معطلی کا ذمہ دار کون ہے، تاہم اس کے لئے ریڈ ایچو کے ٹریس کا عمل جاری رہے گا۔ کمپنی نے یہ بھی کہا ہے کہ اس نے اپنے نتائج ہندوستانی کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کو وزارت الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی حکومت ہند کے تحت بھجوا دیئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.