نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا) آسٹریلیا نے آکسیجن، وینٹی لیٹر اور پی پی ای کٹ بھارت بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلیائی وزیر صحت نے پیر کے روز کہا کہ ان کا ملک کورونا بحران سے نبردآزما بھارت کی مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔ آسٹریلیا کے سرکاری چینل نے وزیرصحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ آسٹریلوی حکومت ہندوستان کی مدد کرنے کے بارے میں غور کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو یقینی طور پر آکسیجن بحران کا سامنا ہے،ہم اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ ہندوستان کی مدد کیسے کی جائے،تاہم بھارت نے آکسیجن کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اپنی طرف سے آکسیجن، وینٹی لیٹر اور پی پی ای کٹس بھیجے گی، اس سلسلے میں باضابطہ اعلان منگل کو کیا جاسکتا ہے، تاہم، آسٹریلیا ویکسین سے ہندوستان کی مدد نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کے بعد بھی کچھ چیزوں کو ریزرو میں رکھنا ہوگا۔خیال رہے کہ منگل کو آسٹریلیا میں کابینہ کا اجلاس ہوگا، جس میں ہندوستان کی مدد کے بارے میں بات ہوگی۔ اس دوران یہ بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ اگر آسٹریلیا میں کوئی نئی لہر آئے گی تو اس سے کیسے نمٹا جائے گا۔ بھارت ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے کرونا کی بدترین لہر کے ساتھ تباہی و بربادی برداشت کررہا ہے،6 دن سے ملک میں 3 لاکھ سے زیادہ کورونا کیسز موصول ہوئے،اب تک ہندوستان میں کورونا کے کل 17313163 کیسز پائے جاچکے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 352991 نئے کیسز پائے گئے ہیں۔ جب کہ اموات کی تعداد بڑھ کر 195123 ہوگئی ہے۔