سرکاری اعزازکے ساتھ امیرشریعت مولانا ولی رحمانیؒ سپرد خاک

wali-rahmani

پانچ لاکھ سے زائدافرادکاہجوم،مولاناعمرین محفوظ رحمانی نے نمازجنازہ پڑھائی،والدبزرگواراورجدامجدکے پہلومیں تدفین، سرکردہ شخصیات کے اظہارتعزیت کاسلسلہ جاری
مونگیر(آئی این ایس انڈیا)عالم اسلام کی عظیم شخصیت مفکراسلام امیرشریعت مولانامحمدولی رحمانی ؒ جنرل سکریٹری آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈسپردخاک ہوئے۔آپ ؒ،اپنے والدامیرشریعت مولانامنت اللہ رحمانی ؒاورداداقطب عالم مولانامحمدعلی مونگیریؒ کے پہلومیں خانقاہ رحمانی کے احاطے میں ابدی نیندسوگئے۔نمازجنازہ امیرشریعت ؒ کے خلیفہ ارشدمولاناعمرین محفوظ رحمانی سکریٹری مسلم پرسنل لاء بورڈنے پڑھائی۔آپؒ نے 78برس کی عمرپائی۔ نمازجنازہ خانقاہ رحمانی کے وسیع میدان میں ہوئی۔ہجوم کاعالم یہ تھاکہ وسیع میدان،مکمل خانقاہ اورخانقاہ سے باہردوردرازتک تاحدنگاہ سرہی سرتھے۔خانقاہ رحمانی کے ذرائع کے مطابق پانچ لاکھ سے زائدافرادنے شرکت کی۔ہرفردانتہائی مغموم تھا۔اس موقعہ پرسرکاری اعزازات بھی پیش کیے گئے جیساکہ کل بہارحکومت نے اعلان کیاتھا۔آپ بائیس برس ایم ایل سی بھی رہے ہیں اوردوباربہارقانون سازکونسل کی ذمے داری بھی سنبھالی ہے۔رات سے ہی خانقاہ میں جوق درجوق افرادکی آمدتھی،ہرآنکھ اشکبارتھی،ہرطرف غم کی فضاچھائی تھی۔آپ کے مریدین ومتوسلین کاٹھاٹھیں مارتاسمندرتھا۔امیرشریعت سابعؒ کے انتقال پرپوری دنیاسے اظہارتعزیت کاسلسلہ جاری ہے۔


مولانامفتی تقی عثمانی، مولاناالیاس گھمن سمیت ملک سے بھی سبھی سرکردہ علماء نے اظہارتعزیت کیا۔مسلم پرسنل لاء بورڈ،جمیعۃ علمائے ہند،مسلم مجلس مشاورت،جماعت اسلامی ہند،تنظیم علمائے حق،دارالعلوم دیوبند،دارالعلوم وقف،ندوۃ العلماء کے ذمے داروں اوراکابرعلماء ومشائخ اوردانشوروں نے انتہائی رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے ان کے فرزندوں،عقیدت مندوں،اداروں سے وابستہ افرادکے ساتھ تعزیت کی ہے۔ان کے علاوہ سیاسی شخصیات میں پرینکاگاندھی،اکھلیش یادو،لالویادو،تیجسوی یادو،نتیش کمار،پپویادو،پرکاش امبیڈکر،بھیم آرمی کے سربراہ چندرشیکھرآزاد،دگ وجے سنگھ نے گہرے غم کااظہارکیاہے۔آپؒ کی شخصیت ہرطبقے میں مقبول تھی۔آپ مسلم پرسنل لاء بورڈسے اول دن سے وابستہ تھے۔بعدمیں 2015میں بورڈکے جنرل سکریٹری بنے،29نومبر2015کوامارت شرعیہ بہار،اڈیشہ،جھارکھنڈکے امیرشریعت بنائے گئے۔1996میں سماجی اورتعلیمی خدمات کے لیے رحمانی فاؤنڈیشن کاقیام کیا،2008میں رحمانی تھرٹی قائم کرکے ملت میں نئی تعلیمی بیداری کی روح دوڑادی۔عزم وحوصلہ اورہمت کے پہاڑشخص تھے۔آپ کے دوفرزندمولانااحمدولی فیصل رحمانی اورجناب مولاناحامدولی فہدرحمانی ہیں۔بڑے فرزندسجادہ نشیں ہوں گے اورچھوٹے فرزندان کی معاونت کریں گے اوررحمانی فاؤنڈیشن اوررحمانی تھرٹی کے انتظامات دیکھیں گے جن کی وصیت آپ نے اپنی حیات میں کردی تھی۔ان کے علاوہ علالت سے عین قبل آپ نے اپنے اہم فیصلے میں مولاناشمشادرحمانی کونائب امیرشریعت اورمولاناانظارقاسمی کوقاضی شریعت نامزدکیاتھا۔

پڑھیں: مولاناولی رحمانی:’ہر فن مولا شخصیت‘

Leave a Reply

Your email address will not be published.