نئی دہلی:ایودھیامعاملے پرسپریم کورٹ کا فیصلہ رام مندرکے حق میں جانے کے بعد آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے میٹنگ بلائی ہے۔ ایودھیا اراضی ملکیت معاملہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آگے کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی میٹنگ اتوار کو ریاستی راجدھانی لکھنؤ کے ممتازپی جی کالج میں ہورہی ہے۔ذرائع کے مطابق، میٹنگ میں بورڈ کے صدرمولانا رابع حسن ندوی سمیت اسدالدین اویسی اورظفریاب جیلانی بھی موجودہیں۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ میں اس بات پر غوروخوض ہوگا کہ آیا ایودھیا معاملہ پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر جائزہ پٹیشن داخل کی جائے کہ نہیں؟ ساتھ ہی مسلمانوں کو نئی مسجد کی تعمیر کے لئے سپریم کورٹ کی ہدایت پر پانچ ایکڑ زمین لینی چاہئے یا نہیں؟۔
یہ میٹنگ پہلے لکھنؤکے دارالعلوم ندوۃ العلما میں ہونی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق، لیکن اچانک میٹنگ کی جگہ بدلی گئی اورممتازپی جی کالج میں میٹنگ رکھی گئی۔ذرائع کے مطابق، اس میٹنگ میں مولا نا ارشد مدنی، مولانا محمودمدنی، مولانا جلال الدین عمری، مسلم لیگ کے بشیر، خالدرشید فرنگی محلی، اسدالدین اویسی، ظفریاب جیلانی، مولانا ولی رحمانی، خالدسیف اللہ رحمانی اوربورڈ کے صدرمولانا رابع حسن ندوی موجودہیں۔