نئی دہلی(آئی این ایس انڈیا)ایئر انڈیاکی آخری پرواز جنگ زدہ افغانستان کے دارالحکومت کابل سے بھارت کے لیے روانہ ہوئی ہے۔ توقع ہے کہ یہ آج رات نئی دہلی پہنچ جائے گی۔ ذرائع نے بتایاہے کہ ایئر انڈیاکے طیارے AI-244 میں 126 مسافر سوار ہیں۔ طالبان کے حملوں کی وجہ سے ایئرلائن کی ہفتے میں تین بار کابل جانے والی پرواز پر اب غیر یقینی صورتحال ہے۔ ذرائع نے بتایاہے کہ کابل جانے والی چارٹر فلائٹ آج منسوخ کر دی گئی۔ طالبان عسکریت پسندوں نے آج افغانستان کے دارالحکومت کابل پربھی قبضہ کر لیا ہے۔ طالبان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے پیش نظر امریکہ نے سفارت کاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکال لیا ہے۔ افغان حکومت کے ایک وزیر نے کہاہے کہ اقتدار ایک عبوری انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ کے ایک سینئرعہدیدار نے رائٹرزکو بتایاہے کہ باغی ہر طرف سے شہرمیں داخل ہو رہے ہیں لیکن انھوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔