حیدرآباد(آئی این ایس انڈیا)مولانا آزاد نیشنل اُردویونیورسٹی، پالی ٹیکنیک کالجس جو حیدرآباد، بنگلور، دربھنگہ، کڑپہ اور کٹک میں ہیں، آن لائن داخلے جاری ہیں۔ آن لائن فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 10/ جون 2020 ہے۔ ڈاکٹر محمد یوسف خان پرنسپل پالی ٹیکنیک کے بموجب حیدرآباد پالی ٹیکنیک میں سیول انجینئرنگ، الکٹرانک اینڈ کمیونکیشن انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ اور انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی انجینئرنگ کورسز دستیاب ہیں۔ ہر کورس میں صرف 75 طلبہ کو داخلہ دیا جارہا ہے۔ داخلہ انٹرنس کی بنیاد پر ہوگا جو 5/جولائی کو مقرر ہے۔ دسویں جماعت یا مماثل امتحان کامیاب طلبہ داخلہ کے اہل ہیں۔ درخواست گذار کے لیے ضروری ہے کہ اردو میڈیم یا اردو کو مضمون کے طور پڑھا ہو۔حیدرآباد کے علاوہ ڈپلوما کورسز سیول انجینئرنگ؛ کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ، الیکٹرانکس اینڈ کمیونی کیشن انجینئرنگ کے ڈپلوما (دربھنگہ۔ بہار) اور (بنگلورو۔ کرناٹک) میں دستیاب ہے۔ جبکہ سیول انجینئرنگ،میکانیکل انجینئرنگ، الیکٹریکل اور الیکٹرانکس انجینئرنگ (کڑپہ۔آندھراپردیش) اور (کٹک۔ اڈیشہ) میں دستیاب ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں یونیورسٹی کے پالی ٹیکنیک، حیدرآباد کے طلبہ کے پراجیکٹ ”اسمارٹ گرین (Smart-Grain) مینجمنٹ سسٹم“ کو آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای) کی جانب سے قومی سطح کے مقابلے میں باوقار چھترا وشوا کرما کا باوقار ایوارڈ 2019 حاصل ہوا۔ یہ انعام وزیر فروغ انسانی وسائل جناب رمیش پوکھریال ’نشانک‘ اور صدرنشین اے آئی سی ٹی ای کی موجودگی میں 24/ فروری 2020ء کو نئی دہلی میں دیا گیا۔ اس پراجیکٹ کے منٹر جناب محمد یوسف، اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔ انعام یافتہ ٹیم میں سمیہ قیصر، عاکف جاوید، محمد سفیر عالم شامل تھے جو بالترتیب آئی ٹی، کمپیوٹر سائنس اور الکٹرانک اینڈ کمیونکیشن انجینئرنگ سے تھے۔ مانو پالی ٹیکنیک حیدرآباد میں داخلے کے خواہش طلبہ مزید تفصیلات کے لیے فون نمبرات 9848171044 یا 9885380534 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ مانو پالی ٹیکنیک کالجس کی خصوصیات میں معیاری انفراسٹرکچر، قابل اساتذہ کے علاوہ طلبہ کو کیمپس پلیسمنٹ کی سہولت قابل ذکر ہے۔ داخلہ کے لیے آن لائن داخلہ فارم https://manuucoe.in/regularadmission/ پر دستیاب ہے۔ دیگر پالی ٹیکنیک میں داخلہ کے خواہشمند تفصیلات یا کسی وضاحت کے لیے نظامت داخلہ کو admissionsregular@manuu.edu.in پر ای میل کریں۔