اداکارہ عظمیٰ خان معاملہ: ملک ریاض کی بیٹیوں کی ضمانت منظور

uzma-khan

لاہور ، یکم جون (آئی این ایس انڈیا) لاہور کی سیشن کورٹ نے اداکارہ عظمیٰ خان پر تشدد کے کیس میں تاجر ملک ریاض کی تین بیٹیوں کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ 15 جون تک اْنہیں گرفتار نہ کرے۔ ایڈیشنل سیشن جج فرخ حسین نے پچاس، پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض تینوں خواتین ملزمان کی عبوری درخواستِ ضمانت منظور کی ہے۔ پیر کو سماعت کے دوران ملک ریاض کی بیٹیوں کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر طاہر نصراللہ وڑائچ عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے مو?قف اختیار کیا کہ عنبر ملک، پشتین ملک اور آمنہ ملک بے قصور ہیں، پولیس نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا ہے اس لیے عدالت عبوری درخواست منظور کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے لاہور کے تھانہ ڈیفنس کے ایس ایچ او سے مقدمے کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے جب کہ عدالت نے تینوں خواتین سے مشترکہ طور پر تفتیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

یاد رہے کہ اداکارہ عظمیٰ خان کے گھر میں گھس کر تشدد کرنے کے معاملے پر لاہور کی کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام شبیر سیال نے آمنہ عثمان، پشمینہ ملک اور عنبر ملک کے وارنٹ گرفتاری 30 مئی کو جاری کیے تھے۔ اعلیٰ پولیس حکام کے مطابق وہ اِس کیس میں قانون کے مطابق عمل کریں گے اور کسی کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔لاہور کے علاقے ڈیفنس سی پولیس نے عظمیٰ خان کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزموں کے وارنٹ گرفتاری کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں پراسیکوشن نے موقف اختیار کیا تھا کہ آمنہ عثمان ملک سمیت ملک ریاض کی تینوں بیٹیاں روپوش ہیں۔پولیس نے آمنہ عثمان سمیت دیگر کے خلاف گھر میں گھس کر تشدد کرنے اور قیمتی اشیا کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمے میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور زخمی کرنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق ایسے کیسز میں ملزمان اپنی ضمانت کرا سکتے ہیں، قانون میں اس کی شق موجود ہے۔ بیرسٹر آفتاب مقصود کے مطابق اِس کیس میں ملزمان کے خلاف سنگین نوعیت کی دفعات درج نہیں۔ ملزمان کا عدالت میں پیش ہونا ضروری نہیں ہے۔ وہ عدالت سے رجوع کر کے قانون کے مطابق اپنی ضمانت کرا سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *