برسلز، (آئی این ایس انڈیا) یورپی کمیشن نے رکن ممالک سے غربت کے شکار بچوں کی تعداد میں کمی لانے کے لیے کوششیں تیز تر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔یورپی کمیشن کے مطابق سن دو ہزار انیس میں یورپی یونین کے بائیس فیصد بچوں کو غربت اور معاشرتی تنہائی جیسے عوامل کا سامنا تھا۔ مجموعی طور پر یہ تعداد اٹھارہ ملین بنتی ہے۔ یورپی یونین کے منصوبے کے مطابق سن دو ہزار تیس تک ایسے متاثرہ بچوں کی تعداد کم کرتے ہوئے پانچ ملین تک لائی جائے گی۔ یورپی یونین کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غربت سے متاثرہ بچوں کی ابتدائی تعلیم اور نگہداشت تک رسائی کی ضمانت فراہم کریں۔