وزیراعظم عمران خان کاسعودی ولی عہد کے بعد بل گیٹس کو بھی خط

imran-bill

اسلام آباد(آئی این ایس انڈیا) پاکستان کے وزیراعظم عمران خا ن نیازیؔ نے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو موسمیاتی تبدیلی کے حوال سے خط لکھا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کے بعد مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو بھی خط لکھا ہے، جس میں عمران خان نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات پر کتاب لکھنے پر بل گیٹس کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے اپنے خط میں کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں ہے جہاں موسمیاتی تبدیلی کے خطرات زیادہ ہیں اور موسمی خطرات سے نمٹنے اور بچاؤ کیلئے پاکستان اقدامات کررہا ہے، آئیں مل کر دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچائیں۔ وزیراعظم نے خط میں لکھا کہ پاکستان کاربن کی کمی کیلئے متبادل توانائی کے منصوبے شروع کررہاہے، بلین ٹری سونامی، نیشنل پارکس،کلین گرین کے پروگرام جاری ہیں، پاکستان نے لاتعداد گرین جابز دیں، 10 لاکھ ایکڑ جنگلات کو محفوظ بنایا، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کم کرنے کیلئے بھرپور تعاون کو تیار ہے، پوری دنیا کو موسمیاتی خطرات کو بھانپتے ہوئے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو بھی خط لکھا جس میں عمران خان نے سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں 10 ارب اور خطے میں 50 ارب درخت لگانے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے بلین ٹری سونامی پروگرام میں مماثلت ہے، سال 2014سے 2018 کے دوران ہم نے ایک ارب درخت لگائے، 2023 تک 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.