
بغداد (آئی این ایس انڈیا) کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپائے روم کا عراق کا تاریخی اور پہلا دورہ آج پیر کو اختتام پذیر ہو گیا۔ کیتھولک چرچ کے سربراہ کے اس چار روزہ دورے کا اہم ترین مقصد بین الادیان مکالمت اور عراق کی مسلم اور مسیحی برادریوں کو امن، روا داری اور افہام و تفہیم کا پیغام دینا تھا۔ پوپ فرانسس نے عراق کی اقلیتی مسیحی آبادی سے اپیل کی کہ وہ تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے اجداد کی سرزمین نا چھوڑے اور اپنے وطن کی تعمیر نو میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ پوپ فرانسس نے کل اتوار کو موصل سمیت ملک کے کئی شمالی علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ سن 2014 میں عراق کے علاقے قراقش میں دہشت گرد تنظیم داعش نے ان علاقوں پر قبضہ کر کے وہاں اقلیتوں کا قتل عام کیا تھا اور کئی گرجا گھروں کو تباہ کر دیا تھا۔