مسجد نبوی ؐکے دروازوں کو نمازیوں کیلئے بتدریج کھول دیا گیا

masjid-e-nabavi

ریاض (آئی این ایس انڈیا) مدینہ منورہ میں آج اتوار کی فجر سے مسجد نبوی کے دروازوں کو نمازیوں کے لیے بتدریج کھول دیا گیا۔ مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کے سربراہِ عام شیخ عبدالرحمن السدیس کے مطابق یہ پیش رفت کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر روک لگانے کے لیے احتیاطی اقدامات کی روشنی میں سامنے آئی ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ مسجد نبوی میں داخل ہونے والے ہر شخص کا معائنہ عمل میں آئے گا۔یاد رہے کہ امور حرمین کی جنرل پریذیڈنسی نے حفاظتی احتیاطی تدابیر کا ایک پیکج لاگو کیا ہے۔ اس میں نمازیوں کے بیچ سماجی فاصلے کو یقینی بنانا، روزانہ کی بنیادوں پر جراثیم کش مواد سے تطہیر کی بھرپور کارروائیاں، حرم مکی اور حرم مدنی کے اندر تمام کارکنان اور ملازمین کی احتیاطی جانچ اور دیگر کئی منصوبوں پر عمل درامد شامل ہے۔اسی طرح مسجد حرام کے متعدد دروازوں اور داخلی راستوں پر خود کار طریقے سے انسانی درجہ حرارت کی جانچ کے لیے خصوصی تھرمل کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ یہ کیمرے چوبیس گھنٹے کام کریں گے۔ ان کیمروں کی نگرانی کا کام وزارت صحت کی جانب سے مختص کیے گئے طبی اہل کار انجام دیں گے۔واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کے ضمن میں 20 مارچ سے حرم مدنی کے صحنوں میں لوگوں کی موجودگی اور نمازوں کا سلسلہ روک دیا گیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.