کابل:مسجد میں خود کش بم دھماکہ،معروف عالم ِ دین جاں بحق

kabul

کابل (آئی این ایس انڈیا)افغانستان کے دارالحکومت کابل کے انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون میں واقع ایک مسجد میں نماز مغرب کے وقت خودکش بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک معروف اسلامی اسکالرڈاکٹر محمد ایاز نیازیؔ جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائیں نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ حملہ آور بمبار نے منگل کی شام مسجد وزیر اکبر خان کے ایک طہارت خانے میں خود کو دھماکے سے اڑایا ہے۔بم دھماکے میں اسلامی اسکالر ڈاکٹر محمد ایاز نیازی جاں بحق ہوئے ہیں۔ افغانستان کی اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے دہشت گردی کے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے انھیں تو قتل کردیا ہے لیکن وہ ان کی حقیقی مذہبی تعلیمات کو عام کرنے کے ورثے کو ختم نہیں کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ملک کے عظیم مذہبی اسکالروں کو اپنے انتہا پسند نظریے کے لیے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں اور اسی لیے وہ انھیں حملوں میں نشانہ بنا رہے ہیں۔مسجد وزیر اکبر خان تک گرین زون ہی سے رسائی ہو سکتی ہے۔اس قلعہ نما علاقے میں متعدد سفارت خانے اور بین الاقوامی اداروں کے دفاتر واقع ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *