اسرائیلی فوج کے ہاتھوں تین ماہ میں 1300 فلسطینی گرفتار

Israeli-army-file-photo
Israeli army file photo

غزہ (آئی این ایس انڈیا) فلسطینی مرکز برائے امور اسیران کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال 2021 کے پہلے تین ماہ میں قابض صہیونی فوج نے 1300 فلسطینیوں کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والے فلسطینی تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھتے ہیں تاہم سب سے زیادہ گرفتاریاں مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گئی ہیں۔ کریک ڈاؤن میں اضافہ اس وقت ہوا جب فلسطین میں پارلیمانی انتخابات کا اعلان کیا گیا۔اسیران اسٹڈی سینٹر کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی شہریوں کی ظالمانہ گرفتاریاں فلسطینیوں کوخوف زدہ کرنے اور اپنے حقوق کے لیے جدو جہد سے روکنے کے لیے کی جا رہی ہیں تاکہ فلسطینیوں پر دباؤ ڈال کران کے حوصلوں کو شکست دی جاسکے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 18 سال سے کم عمر کے 230 بچوں کو گرفتار کیا گیا۔ زیادہ تر گرفتاریاں بیت المقدس سے کی گئیں۔قابض فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والوں میں 30 خواتین بھی شامل ہیں اور ان میں سے بھی زیادہ تر کا تعلق القدس سے ہے۔غزہ کی پٹی سے رواں سال اسرائیلی فوج نے 16 فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔ ان میں سے 14 کو غزہ کی مشرقی سرحد کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.