ناظرین کے بغیر ورلڈ کپ کیسے ہوسکتا ہے؟ آئی سی سی مناسب وقت کا انتظار کرے:وسیم اکرم

waseem-akram

کراچی (آئی این ایس انڈیا):پاکستان کے عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم ناظرین کے بغیر ٹی 20 ورلڈ کپ کے حق میں نہیں ہیں اور ان کا خیال ہے کہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے بعد آئی سی سی کو ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لئے مناسب وقت کا انتظار کرنا چاہئے۔ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ اکتوبر-نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کورونا کی وجہ سے جاری سفری پابندیوں کی وجہ سے ملتوی ہوسکتا ہے۔ اکرم نے کہا کہ مجھے یہ ٹھیک نہیں لگتا کہ ناظرین کے بغیر ورلڈ کپ کیسے ہوسکتا ہے؟ورلڈ کپ کا مطلب ایک بھرا ہوا اسٹیڈیم ہے۔پوری دنیا کے تماشائی اپنی ٹیموں کی حمایت کے لئے آتے ہیں۔ یہ سب ماحول کی بات ہے اور ناظرین کے بغیر کیا ماحول بنے گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل 10 جون کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے بارے میں فیصلہ لے گی۔ اکرم نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ آئی سی سی کو صحیح وقت کا انتظار کرنا چاہئے۔ ایک بار جب وبائی مرض پر قابو پا لیا جائے اور سفر کی پابندیاں ختم ہوجائیں تو ورلڈ کپ اچھا ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *