دبئی (آئی این ایس انڈیا) قطر کے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق امیر قطر نے ٹیلیفون پر ولی عہد کی خیریت دریافت کی اور حال ہی میں ان کے اپینڈیکس کے کامیاب آپریشن پر انہیں مبارک باد پیش کی۔ امیر قطر نے خطے میں دیر پا قیام امن کے لیے سعودی عرب کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی اور سعودی عرب کی خوش حالی کی خواہش کا اظہار کیا۔دوسری جانب سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امیر قطر کی طرف سے خیریت دریافت کرنے اور ان کے برادرانہ جذبات کے اظہار پران کا شکریہ ادا کیا۔ادھر کویتی ولی عہد ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے ٹیلی فونک رابطے کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان کی صحت وسلامتی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ سعودی ولی عہد نے برادرانہ جذبات کے اظہار پر اپنے کویتی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔