بہترین فلم کا آسکر نومیڈ لینڈ کے نام، کلووی ژا ؤ بہترین ہدایت کارہ قرار

Chloe-Zhao
photo credit news.yahoo.com

نیویارک (آئی این ایس انڈیا) فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ آسکرز سال 2021 کے لیے بہترین فلم ’نومیڈ لینڈ‘ قرار پائی ہے جب کہ اسی فلم کی ہدایت کارہ کلووی ژاؤ کو بہترین ہدایت کارہ قرار دیا گیا ہے۔ کلووی ژاؤ نے آسکر ایوارڈ اپنے نام کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ یہ ایوارڈ جیتنے والی دوسری خاتون اور پہلی ایشین ہیں۔کلووی ژاؤ سے قبل امریکی ہدایت کارہ کیتھرین بگلو بہترین ڈائریکٹر کا آسکر اپنے نام کرنے والی پہلی خاتون تھیں جنہوں نے 2009 میں فلم دی ہارٹ لاکر کے لیے یہ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ آسکرز کی سالانہ 93 ویں تقریب اتوار کو امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں منعقد ہوئی۔رواں برس آسکرز کے لیے بہترین فلم کی نامزدگیوں میں فلم دی فادر، جوڈاس اینڈ دی بلیک مسیحا، منک، مناری، پرومسنگ ینگ وومن، ساؤنڈ آف میٹل، دی ٹرائل آف دی شکاگو 7 اور نومیڈ لینڈ شامل تھیں جس میں سے بہترین فلم کا ایوارڈنومیڈ لینڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔آسکرز میں بہترین اداکار کے لیے پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رضوان احمد (رز احمد)، چیڈوِک بوس مین، اینتھونی ہاپکن، گیری اولڈ مین اور اسٹیون یون نامزد تھے جن میں سے بہترین اداکار کا ایوارڈ ڈرامہ فلم دی فادر پر اینتھونی ہاپکنز کو دیا گیا۔اسی طرح بہترین اداکارہ کا آسکر فرانسس میک ڈورمنڈ کے نام رہا جنہوں نے فلم نومیڈ لینڈ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ بہترین اداکارہ کے آسکر کی دوڑ میں ان کا مقابلہ وائیولا ڈیوس، اینڈرا ڈے، وینیسا کربی اور کیری مولی گن کے ساتھ تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.