نئی دہلی: شعبہ فارسی جواہرلعل نہرو یونیورسٹی کے سینئراستاد پروفیسر مظہرآ صف کو آج اسکول آف لنیگویج جواہرلال نہرو یونیوسٹی کا ڈین مقرر کیا گیا ہے۔ اس بابت یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری ہواہے۔اعلامیہ کے مطابق پروفیسر مظہرآصف دوسالوں تک بحیثیت ڈین اپنی خدمات انجام دیں گے۔ پروفیسر مظہرآصف شروع ہی سے تعلیمی اور انتظامی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہے ہیں۔ 1996میں انہوں نے گواہاٹی یونیورسٹی کے شعبہ فارسی سے بحیثیت ا سسٹنٹ پروفیسراپناتدریسی سفر شروع کیا۔2013میں وہ بالترتیب پرفیسراور شعبہئ فارسی،گواہاٹی یونیورسٹی کے صدر مقرر کئے گئے۔ 2017میں وہ جے این یو کے شعبہئ فارسی سے منسلک ہوئے۔پروفیسر مظہرآصف قومی تعلیمی پالیسی 2020کی ڈرافٹنگ کمیٹی کا ایک سرگرم رکن ہو نے کے ساتھ ایکزیکٹیوکمیٹی اورمتعدد سینٹرل یونیوسٹی کورٹ کے بھی رکن رہے ہیں۔ وہ بہترین مترجم، سرکردہ محقق،قابل تقلید مصنف اور با صلاحیت استاد ہیں۔ انہوں نے آسام کی تاریخ کا ترجمہ انگریزی اور آسامی زبانوں میں کیا ہے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ ایک آسامی۔انگریزی ڈکشنری تیارکی ہے جو اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد کام ہے۔پروفیسر مظہرآصف قومی اور بین الاقوامی سمیناروں میں تقریباََ 25مقالے نیزیونیورسٹیوں، سرکاری اور غیرسرکاری اداروں میں تقریباََ 35 خطبات پیش کر چکے ہیں۔ان کا تدریسی سفر 25سالوں پر محیط ہے۔ اسکول آف لینگویج کا ڈین مقرر کئے جانے پرانہیں بہت ساری علمی شخصیات نے مبارکباد پیش کی ہے۔ شعبہئ فارسی کے استاد ڈاکٹرشہبازعامل کے علاوہ ڈاکٹر عبدالواسع نے بھی انہیں مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔