دارالعلوم دیوبند میں ملٹی میڈیا موبائل کے استعمال پر پوری طرح پابندی

عالم اسلام کی ممتا ز دینی درسگاہ دارالعلو م دیوبند نے ایک مرتبہ پھر اپنے سابقہ اعلان کااعادہ کرتے ہوئے طلباء عزیز کو ہدایت دی ہے کہ علمی اور اخلاقی ترقی کے پیش نظر دارالعلوم دیوبند میں انڈو رائیڈاور ملٹی میڈیا فون پر پوری طرح پابندی ہے ،اسلئے طلباء عزیز ایسے موبائل فون کا استعمال نہ کریں،خلاف ورزی کرنے پر طلباء کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کوئی بھی سفارش مفید مقصد نہ ہوگی، اسلئے طلباء عزیز اپنے انڈورائیڈ اور ملٹی میڈیا فون تعطیل عیدالاضحی کے وقت اپنے گھروں پر چھوڑ کر آئیں ، عیدالاضحی کے بعد اس ضابطہ پر سختی سے عمل کیا جائیگا۔ مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کی جانب سے گزشتہ تین روز قبل جاری کئے گئے اعلان میں کہاکہ گیا ہے ملٹی میڈیا موبائل کے نقصانات سے آپ سب واقف ہیں،مادر علمی دارالعلوم دیوبندکے ارباب انتظام نے آپ کی علمی اور اخلاقی ترقی کے پیش نظر ملٹی میڈیا موبائل پر پوری طرح پابندی لگا دی ہے، اگر کسی طالبعلم کے پاس ایسا موبائل ملے گا تو اس کا نام خارج کیا جاسکتاہے، اس سلسلہ میں کوئی بھی غذر قابل قبول نہ ہوگا۔
پڑھیں: مظفر پور عصمت دری معاملہ : سواتی مالیوال کا نتیش کمار کو خط
اعلان میں ہدایت دی گئی ہے کہ موبائل اپنا ہویاکسی غیر کا ہر صورت میں ضابطہ کی کارروائی اسی طالبعلم پر ہوگی جس کے پاس سے موبائل برآمد ہوگا، نیز اس کے لئے کسی شخصیت کی سفارش بھی مفید مقصد نہ ہوگی۔اسلئے طلباء عزیز موبائل عیدالاضحی کی تعطیل سے پہلے اپنے اساتذہ یاسرپرستان کے پاس رکھوادیں اور تعطیل میں اپنے گھر چھوڑ کر آئیں ،اس قسم کا موبائل ہر گز ہمراہ نہ لائیں تاکہ موبائل سے دور رہ کر یکسوئی سے تعلیم حاصل کرنا ممکن ہوسکے۔ اعلان میں ہدایت دی گئی ہے عیدالاضحی کی تعطیل کے بعد اس ضابطے پر سختی سے عمل ہوگا۔
دارالعلوم دیوبند میں ملٹی میڈیا موبائل کے استعمال پر پہلے ہی سے پابندی ہے، موجودہ دور میں انڈورائیڈ موبائل اور انٹرنیٹ کے مضر اثرات سے طلباء کو محفوظ رکھنے اور ان کی تعلیمی ،تربیتی اور اخلاقی ترقی کے خاطر ہرسال ادارہ کے ضوابط کے تحت جدید و قدیم طلباء کو اس قسم کے اعلان جاری کرکے سخت ہدایت دی جاتی ہے،مگر اس مرتبہ سوشل میڈیا پر دارالعلوم دیوبند کایہ اعلان موضوع بحث بنا ہواہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *