ارریہ:ملک میں سی اے اے،این آر سی اوراین پی آرکے خلاف ملک کی مختلف ریاستوں اور علاقوں میں عوام کے احتجاجی مظاہرے اور جلسے جاری ہیں۔اسی ضمن میں بہارکے سیمانچل علاقہ میں اس کالے قانون کے خلاف لوگ سڑکوں پراترے ہوئے ہیں۔گذشتہ روزیعنی جمعہ کوضلع ارریہ کے بیرگاچھی چوک پراحتجاجی پروگرام کا انعقادکیاگیا۔
ضلع ارریہ کے بیرگاچھی میں لوگوں نے ایک ریلی میں شرکت کرکے شہریت ترمیمی ایکٹ، قومی شہری رجسٹر اور قومی آبادی رجسٹر کی پرزورالفاظ میں مخالفت کی اور اس بات کا اعلان کیا کہ وہ آئین کی روح سے کسی کو بھی کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ریلی میں شرکاء نے کہا کہ غیر آئینی قانون کی آڑ میں کسی کے ساتھ ناانصافی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ریلی میں شرکاء نے مطالبہ کیاکہ سرکار اس کالے قانون کوواپس لے۔شرکاء میں ابونصرخان، فرحان خان، عمران خان، آغازراہی، عبداللہ، نازخان، شبیرخان،مولاناارشد(علیگ) بدرالحسن،شارب خان، احسان خان اورصاحب خان وغیرہ نے ریلی سے ایک آوازمیں کہاکہ ہندوستان کسی ایک کا نہیں بلکہ جو یہاں پیدا ہوا ہے اس ملک میں اس کی موت اور زندگی کے لئے بنیادی حقوق ہیں۔