انسانیت کی خدمت میں حصہ داری وقت کی اہم ضرورت :محمد شمشاد رحمانی قاسمی

shamshad

ملک کے اصحاب ثروت علاج ومعالجہ سے وابستہ افراد،سماجی کارکنان،ملی وسماجی اداروں کے ذمہ داران،امارت شرعیہ کے نقباء، صدور وسکریٹریز او رنوجوانان ملت سے انسانیت کی خدمت میں حصہ لینے کی نائب امیرشریعت کی خصوصی اپیل
پٹنہ؍ ارریہ(پریس ریلیز):امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھاکھنڈ کے نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد صاحب رحمانی قاسمی نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ہم سب جانتے ہیں کہ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس جیسے وبائی مرض کی وجہ سے سخت مشکلات سے دوچار ہے،ہمارے ملک کی جو صورتحال ہے وہ ہم سے مخفی نہیں ہے ،ایک نادیدہ وائرس نے ہرطرف کہرام مچام رکھاہے،مرض کی شدت اور اموات کی کثرت سے چہارطرف خوف و ہراس کا ماحول بناہواہے،بلاشبہ یہ امتحان کی سخت گھڑی ہے،ایسے وقت میں ہر فردکی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے جسم وجان کی حفاظت پر خصوصی توجہ دے،صحت کا پور اخیال رکھے،طبی ماہرین اور حکومت کی طرف سے جن احتیاطی تدبیروں کو اختیار کرنے کی طرف متوجہ کیا جارہاہے انہیں عمل میں لائے،دوا علاج میں ہرگز کوتاہی نہ کرے،اور یہ بات ذہن میں رکھے کہ اس عالم اسبا ب میں جائز اورمناسب تدبیروں کا اختیار کرناتوکل کے منافی نہیں ہے،اس لیے سب لوگ مناسب تدبیروں کو اختیار کریں،امارت شرعیہ اور دیگر ملی تنظیموں کی طرف سے جو باتیں کہی گئیں ہیں ان پر عمل کریں اور اپنے رب کریم کی طرف رجوع ہوں،رمضان کا مہینہ رحمت و مغفرت کا مہینہ ہے،اس مبارک مہینہ میں رمضان کے معمولات کی پابندی کے ساتھ استغفار کا خصوصی اہتمام کریں،اور عام اوقات کے ساتھ دعاءکی مقبولیت کے اوقات میں پوری انسانیت کے خیرو فلاح کے لیے دعائیں کریں اور ہرگز ہرگز اپنے اوپر خوف وہراس کو مسلط نہ ہونے دیں اور نہ خوف وہراس کا ماحول بنائیں،خداکی ذات اور اس کی قدرت و طاقت پر کامل یقین کا تقاضہ ہے کہ ہم حالات کا مقابلہ پوری ہمت کے ساتھ کریں اور دوسروں کو بھی ہمت وحوصلہ کی تلقین کرتے رہیں،ماضی میں بھی انسانیت اور ملت پر اس سے مشکل حالات آچکے ہیں؛لیکن خدا کی نصرت پر یقین اور ہمت وحوصلہ ہی سے حالات پر قابو پایاگیاہے۔
ملک کے مختلف حصوں سے جو خبریں موصول ہورہی ہیں،اس سے اندازہ ہورہاہے کہ اس قت انسان کو انسا ن کی مدد کی سخت ضرورت ہے،ہم سب مذہب اسلام کے پیرو کار ہیں،مذہب اسلام میں انسانیت کی خدمت کو عبادت کا عظیم درجہ دیاگیاہے،اس لیے میں ملک کے اصحاب ثروت ،علاج و معالجہ سے وابستہ افراد ،سماجی کارکنان،ملی و فلاحی اداروں کے ذمہ داران ،تنظیم امارت شرعیہ کے ضلع ،بلاک وپنچایت سطح کے صدور وسکریٹر یز ونقباء ،ذیلی دفاترکی کمیٹیوں کے احباب ودیگر انسانی درد رکھنے والے نوجوانوں وملی بھائیوں کو متوجہ کرتاہوں کہ مصیبت کی اس گھڑی میں جو شخص بھی جس کی جتنی مدد کرسکتاہو اس میں ہرگز دریغ نہ کرے،اپنی جان ومال اور ممکنہ وسائل سے انسانیت کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے،مریضوں اور ضرورتمندوں کے لیے جو بھی سہولیات فراہم ہوسکتی ہوں اس کو فراہم کرنے میں اپنا بھر پور تعاون دے،اس کام کو وقت کی اہم ضرورت اور بڑ اکار ثواب سمجھ کر انجام دے ،انہوں نے کہا ہے کہ مشکل حالات کے باوجودجو حضرات اور تنظیمیں خدمت خلق میں لگی ہوئی ہیں،پلازمہ دینے سے لیکرآکسیجن کی فراہمی ،مرنے والوں کی تدفین،جیسے کاموں میں حصہ لے رہے ہیں ان کا یہ عمل یقیناقابل تحسین اور لائق تقلید ہے،اس موقع پرمحترم نائب امیر شریعت حضر ت مولانا محمد شمشادرحمانی قاسمی صاحب نے حکومت کے ذمہ داران کو بھی متوجہ کیا ہے کہ شہریوں کی جان ومال اور عزت و آبرو کی حفاظت حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ،اس لیے حکومت طبی سہولیات کی فراہمی اور مریضوں کی راحت رسانی میں جو کمیاں ہیں ان کو دور کرے اور بڑے پیمانے پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثراقدامات جاری رکھے۔
نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی صاحب نے اس سلسلہ میں مزید فرمایا کہ امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ و جھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ جس نے ہمیشہ مصیبت کی ایسی گھڑیوں میں اپنے وسائل کے بقدر خدمت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیاہے،اس کی طرف سے اس سمت میں آج بھی خدمت کا سلسلہ جاری ہے ،امارت شرعیہ کا مولانا سجاد میموریل ہاسپیٹل اور اس کے ڈاکٹرس اور اس کے ایمبولینس خدمت میں لگے ہوئے ہیں،امداد رسانی کا عمل بھی جاری ہے ،مفت طبی مشوروں کے لیے ڈاکٹر وں کے نمبرات بھی شائع کئے گئے ہیں،اس کے علاوہ مختلف ذیلی دفاتر کے ذریعہ امدادرسانی کا بھی کام انجام دیا جارہاہے،ان شاء اللہ حالات اور ضرورت کے اعتبار سے اس سلسلہ میں مزید وسعت دی جائے گی،انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس مشکل وقت میں ہر شخص اپنی حیثیت اور ذمہ داریوں کا خیال رکھتے ہوئے امدادی کاموں میں بھر پور معاون ثابت ہوںگے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *