مولانا شمشاد رحمانی نائب امیر شریعت اور قاضی انظار قاسمی قاضی شریعت نامزد

پٹنہ(آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی مسلمانوں کی موقر تنظیم امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ وجھارکھنڈ کے امیر شریعت مولانا سید محمد ولی رحمانی نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے باصلاحیت اور نوجوان عالم دین مولانا شمشاد رحمانی کو نائب امیر شریعت اور قاضی انظار قاسمی کوقاضی شریعت مقرر کیا ہے۔اس دوران نونامزدنائب امیرشریعت امارت شرعیہ پہونچے۔امارت شرعیہ کے عملہ وذمے داران نے انھیں استقبالیہ دیا۔استقبالیہ تقریب سے انھوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ سبھی کے تعاون کی ضرورت ہے۔بزرگوں نے جس اعتمادکااظہارکیاہے،دعاء فرمائیں کہ ان امیدوں پرکھرااترسکوں،اس کے لیے ہرایک ایک کے تعاون کی ضرورت ہوگی۔ مولانا شمشاد رحمانی،فی الحال دارالعلوم وقف دیوبند کے مقبول استاذ ہیں اور اب انھیں اکابرین امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ نے یہ نئی ذمہ داری دی ہے۔ امید ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سے امارت کے تئیں بہتر کام لیں گے۔ واضح رہے کہ نائب امیر شریعت کا انتخاب نہیں کیاجاتا ہے۔یہ امیر شریعت کی صوابدید پر موقوف ہوتا ہے اور ان کا استحقاق ہوتا ہے۔ جس طرح سابق امرائے شریعت، نائب امیر شریعت نامزد کرتے رہے ہیں -امیرشریعت مولانا محمدولی رحمانی ان دنوں زیرعلاج ہیں، اس سے قبل اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انھوں نے دواہم فیصلے کیے، امارت کے سنیئر قاضی، قاضی انظار قاسمی کو قاضی شریعت اور مولانا شمشاد رحمانی کو نائب امیرشریعت نامزدکیا۔نوجوان اور باصلاحیت عالم دین کو اس نئی ذمہ داری دئیے جانے سے نوجوان طبقے میں خوشی کا ماحول ہے۔ وہ لوگ جو اعتراض کررہے تھے کہ معمرقیادت نوجوانوں کو آگے نہیں بڑھاتی ہے،ان کا انتخاب ان کو عملی جواب بھی ہے۔ ان دونوں فیصلے کی ستائش چوطرفہ کی جارہی ہے اور امیرشریعت کی صحت کے لیے مخلصین دعاء گوہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *