صحافی عارف اقبال ”سر سید ایوارڈ“ سے سرفراز، دانشوران کی مبارکباد

Sir-Sayyad-Award-Lete-Huye
صحافی عارف اقبال کو سر سید ایوراڈ پیش کرتے ڈاکٹر شکیل احمد، عبد الباری صدیقی و نظر عالم
دربھنگہ(پریس ریلیز) آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے زیر اہتمام دربھنگہ شہر کے ملت کالج میں یوم سر سید کے موقع پر منعقد پروگرام جس کا موضوع تھا ”ملک کی موجودہ صورت حال اور مسلم قیادت کی مایوسی“۔ اس پروگرام میں الیکٹرانک میڈیا میں بہترین اور منفرد انداز میں رپورٹنگ کی وجہ سے منفرد شناخت بنانے والے ای ٹی وی بھارت اردو ارریہ کے نمائندہ، نوجوان صحافی عارف اقبال کو صحافتی خدمات کے اعتراف میں ”سرسید ایوارڈ“ سے نوازا گیا۔عارف اقبال کو سابق مرکزی وزیر برائے امور داخلہ حکومت ہند ڈاکٹر شکیل احمد، راشٹریہ جنتا دل کے رکن اسمبلی و سابق وزیر مالیات حکومت بہار عبد الباری صدیقی اور بیداری کارواں کے قومی صدر نظر عالم نے شال، سند اور ایوارڈ پیش کیا۔ واضح رہے کہ عارف اقبال کو اس قبل بھی صحافتی دنیا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور متوازن خبروں کے لئے مختلف اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔
اس موقع پر سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر شکیل احمد نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عارف اقبال شروع سے ہی عوامی مسائل کو غیر جانب دارانہ انداز میں پیش کرتے رہے ہیں نیز عوامی مسائل کو حکومت تک پہنچانے میں قابل قدر سعی انجام دیا ہے۔امید ہے عارف اقبال آئندہ بھی یہ اپنی منفرد صحافتی خدمات انجام دیتے رہیں گے اور ملک و قوم کی خدمت ایسے ہی کرتے رہیں گے۔ ڈاکٹر شکیل نے مزید کہا کہ عارف اقبال نے صحافتی دنیا میں جو منفرد مقام حاصل کیا ہے انہیں یہ ایوارڈ دیا جانا صلاحیت کا اعتراف کرنا ہے۔
راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ پروفیسر منوج کمار جھانے کہا کہ عارف اقبال زمینی سطح پر جس طرح کی خبرنگاری کرتے ہیں وہ دوسرے صحافیوں کے لئے ایک قابل تقلید بھی ہے، ایسے ہی صحافی دراصل جمہوریت کے اہم ستون ہیں۔ بیداری کارواں کے صدر نظر عالم نے کہا کہ سیمانچل بالخصوص ارریہ میں عارف اقبال نے وہاں کے حالات اور بنیادی سہولیات کے فقدان سے عام عوام کوآگاہ کیا ہے اور جس بے باکانہ انداز میں رپورٹنگ کی ہے وہ قابل رشک ہے۔ ایسے صحافیوں کاحق ہے کہ ان کے کام کو سراہا جائے اور انہیں اس کا صلہ بھی ملے، یہ ایوارڈ دیتے ہوئے ہمیں خوشی ہورہی ہے۔ عار ف اقبال کو سر سید ایوارڈ سے سرفراز کئے جانے پر علمی حلقے میں خوشی کی لہر ہے اور انہیں مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح ہو کہ عارف اقبال کا آبائی وطن دربھنگہ ہے تاہم وہ ارریہ ضلع سے ای ٹی وی بھارت اردو کی نمائندگی کرتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.